نئی دہلی،12/جنوری (آئی این ایس انڈیا) کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ ملک کے دارالحکومت دہلی میں پہنچ گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی 16 جنوری سے شروع ہونے والی ملک گیر کورونا ویکسینیشن مہم کی الٹی گنتی بھی شروع ہوگئی ہے۔
پونے میں واقع سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا نے منگل کے روز ہی ملک کے مختلف حصوں میں ویکسین کی کی سپلائی کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔منگل کے روز علی الصبح خصوصی پرواز میں ویکسین کی سپلائی شروع ہوئی، جو تقریباً دس بجے دہلی کے ہوائی اڈے پہنچی۔ اب انہیں یہاں سے کولڈ اسٹوریج میں رکھا جائے گا اور جب ویکسینیشن کا سلسلہ شروع ہوگا تو اس کو ویکسینیشن سینٹر منتقل کیا جائے گا۔جب یہ ویکسین دہلی ہوائی اڈے سے سینٹرتک پہنچا یا جائے گا، تب دہلی پولیس کے ذریعہ خصوصی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ویکسین کنٹینرز کو خصوصی کلیئرنس دی گئی ہے۔ ویکسین کی کھیپ جودہلی میں آئی ہے، اس کا ایک حصہ کرنال بھی جائے گا۔ اس دوران دہلی پولیس مکمل سکیورٹی فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ ایک کھیپ دہلی کے سپر اسپیشلٹی اسپتال میں پہنچے گی۔
واضح رہے کہ حکومت ہند نے گذشتہ روز سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کو 1.1 کروڑ خوراک کا باضابطہ آرڈر دیا تھا۔ جس کے بعد منگل سے ویکسین کی سپلائی شروع ہوگئی ہے، یہ ویکسین سیرم انسٹی ٹیوٹ سے ملک میں 13 مقامات پر فراہم کی جائے گی۔ ان میں دہلی، گجرات جیسی ریاستیں شامل ہیں۔